کوئٹہ، سول ہسپتال میں مریضوں کو جعلی ادویات دئیے جانے کا انکشاف

  کوئٹہ، سول ہسپتال میں مریضوں کو جعلی ادویات دئیے جانے کا انکشاف

  



کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سول اسپتال میں جعلی ادویات کے ذریعے مریضوں کا علاج کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔اسپتال انتظامیہ کو یہ ادویات ایم ایس ڈی سے فراہم کی جاتی ہیں جنہیں طبی ماہرین نے مریضوں کی صحت کے لیے شدید نقصان دہ قرار دیا ہے۔گورنر بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی نے گزشتہ روز اچانک سول اسپتال کا دورہ کیا۔گورنر نے بتایا کہ اسپتال میں ادویات کی کمی ہے اور دوائیاں جعلی نکلی ہیں جن کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے جب کہ اس بارے میں سیکریٹری صحت کو تحریری ہدایات دی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایسی ادویات نہیں خریدی جائیں گی اور جن کمپنیوں نے یہ ادویات فراہم کیں ان کو ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔دوسری جانب طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری ادویات کی فراہمی انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے اور اگر یہی عمل سرکاری سطح پر ہو تو قابل افسوس ہے۔ماہرین نے کہا کہ حکومت نہ صرف ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے بلکہ اسپتالوں کو معیاری ادویات کی فراہمی اور ان کے چیک کا مؤثر نظام بھی وضع کرے۔

جعلی ادویات

مزید : صفحہ آخر