ناموس رسالت اور صحابہ پر ہمارا سب کچھ قربان،پرویز الٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی چیئرمین پاکستان علماء کونسل و چیئرمین متحدہ بورڈ پنجاب مولانا حافظ طاہر محمود اشرفی کی رہائش گاہ گئے اور ان کی والدہ کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر اور چودھری راسخ الٰہی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت، اہل بیت اور صحابہ پر ہمارا سب کچھ قربان ہے، اس پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کر سکتے، توہین رسالت، توہین اہل بیت، توہین صحابہ اور نظریہ پاکستان کے خلاف کتابیں اور مواد کو پاکستان میں چھاپنے، فروخت کرنے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے خلاف اسمبلی نے بل پاس کر کے پابندی لگا دی ہے۔ مولانا حافظ طاہر اشرفی نے چودھری پرویزالٰہی کو ناموس رسالت کے حوالے سے قانون سازی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی فیملی اس کام میں حصہ ڈالنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کو پنجاب اسمبلی میں ناموس رسالت کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ پنجاب بورڈ اسمبلی میں پاس ہونے والے بل اور توہین رسالت اور اینٹی پاکستان مواد شائع کرنے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت سزا کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
پرویز الہٰی