اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں ہیلپ لائن قائم کی جائے،جام اکرام

  اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں ہیلپ لائن قائم کی جائے،جام اکرام

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لئے محکمے میں انٹیلی جنس ونگ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اور شکایات کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ برقرار رکھنے کے لئے ایک ہیلپ لائن بھی قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں تغلق ہاس میں محکمہ انسداد بدعنوانی کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور سرکل آفیسرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل سکریٹری سہیل بلوچ اور صوبے بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز اور سرکل آفیسرز اجلاس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کے تاثر کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں کرنے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی غلط کام کو برداشت نہ کریں اور نہ ہی کسی کو غیرضروری طور پر ہراساں کریں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ان سے میرٹ پر زیر التوا انکوائریز ان کے منطقی انجام تک پہنچانے اور غلط کام کرنے والوں کو سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری میں سرکل افسران کا بنیادی کردار ہے اور انہیں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیونکہ وہ زیر التوا مقدمات نمٹانے میں کسی بھی سستی رویہ کو برداشت نہیں کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر