قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری،تاج محمد ترند

    قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری،تاج محمد ترند

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)ہمیں انسانی جذبہ کے تحت جیل میں قیدیوں کو ان کے جائز حقوق دینے ہیں اورہمیں ان کے ساتھ جیلوں میں مناسب برتاؤ پر توجہ دینی چاہئے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خا نہ جات تاج محمد ترند نے صوبے بھر کی جیلوں میں تعینات سپرنٹنڈنٹ کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبے بھر کی سنٹرل جیلوں اور ڈسٹرکٹ جیل کے اہلکاروں نے معاون خصوصی کو جیلوں میں درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی،جس میں بلڈنگ،بجلی، سیکورٹی کے مسائل اور عملے کی کمی جیسے مسائل شامل تھے۔معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات نے ان کے مسائل کو جلد ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔آخر میں معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات نے اہلکاروں پر واضح کر دیا کہ محکمہ کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور بہت جلد محکمہ میں اصلاحات لانے کیلئے منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں تاکہ محکمے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکے اور صحیح معنوں میں سزا و جزا کا نظام متعارف ہوسکے اس سلسلے وہ بہت جلد صوبے میں قائم جیلوں کے دورے کریں گے کیونکہ ہم نے قیدیوں کو انسانی حقوق کے تناظر میں بہتر ماحول فراہم کرنا ہے اور ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دینی ہے تا کہ رہائی کے بعد وہ معاشرہ کے باعزت شہری بن سکیں۔ معاون خصوصی نے اس موقع پر ہدایت جا ری کیں کہ انہیں سٹاف کی کمی اوردیگر درپیش مسائل کی رپورٹ جلد پیش کی جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر