پولیس میں سزا وجزا کا عمل جاری رہے گا،شیر اکبر خان

  پولیس میں سزا وجزا کا عمل جاری رہے گا،شیر اکبر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
مردان (بیورورپورٹ)ڈی آئی جی مردان ریجن شیر اکبرخان نے کہاہے کہ ریجن پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی وہ اپنے دفتر میں بہترین کارکردگی کے حامل پولیس آفیسران کو انعامات اور توصیفی اسناد دینے کے موقع پر خطاب کررہے تھے ریجنل پولیس آفسر مردان نے ضلع مردان میں تھانہ سٹی کے موٹر کارچور گروپ کو گرفتارکر کے 22گاڑیاں برآمد کر کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور محکمانہ قوائد و ضوابط احسن طریقے سے سر انجام دینے پر ایس۔ڈی۔پی۔او سٹی بشیر خان، ڈی۔ایس۔پی رورل انعام جان خان، ایس۔ایچ۔او سٹی سب انسپکٹر مقدم خان، ایس۔ایچ۔او ہوتی انسپکٹر محسن فواد خان، ایس۔،ایچ۔او صدر انسپکٹر عاشق خان اور انچارج کمپیوٹر لیب ڈسٹرکٹ مردان آصف خان کو نقد انعامات و توصیفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی مردان نے افسران و جوانوں سے کہا کہ عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں،عوام کی خدمت نہایت خوش اخلاقی اور دوستانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کی جائے،محکمہ پولیس میں ایماندار اور محنتی پولیس افسران و اہلکار ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ مردان ریجن میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے انسدادی کاروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائے۔ معزز شہریوں کی عزت و آبرو کی لاج رکھی جائے جبکہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔