صنعت کاروں کے ریفنڈزکی مد میں 2ار ب جارے کر دیئے گئے: گورنر سندھ

صنعت کاروں کے ریفنڈزکی مد میں 2ار ب جارے کر دیئے گئے: گورنر سندھ

  



کراچی(اکنامک رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عمر ریحان کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں نہال اختر، سینیٹر عبد الحسیب خان، زاہد سعید،محمد زبیر چھایا، محمد اکرام راجپوت، محمد دانش خان، ایس ایم یحیٰ، گلزار فیروز، شیخ فضل جلیل، سید جوہر علی قندھاری،احتشام الدین،راشد احمد صدیقی، طارق ملک، غضنفر علی خان، اعجاز احمد شیخ، نگہت اعوان، سمیع الزمان، محمد سلمان اسلم، ماحین سلمان، شیخ باسط اکرم، سلیم الزمان اور محمدذاکر شامل تھے۔ملاقات میں صنعتوں کی فعالیت،تجارت بڑھانے، درپیش مشکلات،علاقائی مسائل اور اہمیت کے حامل دیگرا مور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ حکومت صنعت کاروں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اس ضمن میں گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بھی صنعت کاروں کو فارم H بھرنے پر ریفنڈز واپس کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد حکومت نے فارم بھرنے والے صنعت کاروں اور تاجروں کے لئے 2 ارب روپے جاری کردیئے ہیں اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپورعملی اقدامات یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت ملکی معیشت انتہائی خراب حالت میں تھی لیکن وزیراعظم کے وژن ان کی ٹیم کی شب وروز محنت کے باعث ملکی معیشت میں 14 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اگر یہ رقم نہ ہوتی تو آج حالات خوفناک حد تک خراب ہو سکتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں کی جارہی، حکومتی اقدامات کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں ورلڈ بینک کے مطابق 2023 ء میں دنیا کی کل معیشت کا 70 فیصد سنبھالنے والے 20 ممالک میں پاکستان بھی شامل ہوگا،کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں بھی پاکستان نے28 درجہ ترقی کی ہے جبکہ سیاحت کے شعبہ میں 200 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے اسی طرح دیگر مثبت اقدامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور صنعت کاروں کے درمیان اعتماد کے فقدان کے تاثر کو ختم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی میں صنعتوں کا کلیدی کردار ہے،موجودہ حکومت صنعتوں کی فعالیت اور تجارت بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ایسوسی ایشن نے مشکل حالات میں بھی صنعتوں کی فعالیت کو برقرار رکھا۔ ملاقات میں ایسوسی ایشن نے گورنرسندھ سے درخواست کی کہ پانی، بجلی اور گیس کی کمی سے صنعتیں متاثر ہوررہی ہے فوری مربوط اقدامات اٹھائے جائیں اور صنعتی علاقہ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔وفد نے مزید کہا کہ کمبائنڈ ایفو لینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ صنعت کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔گورنرسندھ نے وفد کی یقین دلایا کہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ایسوسی ایشن کی جانب سے نشاندہی کردہ مسائل حل کرائیں گے۔

مزید : صفحہ اول