کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے 30 مشکوک افراد زیر حراست

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے 30 مشکوک افراد زیر حراست
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے 30 مشکوک افراد زیر حراست

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ہزارہ گوٹھ سے 13سالہ بچے کو لاپتہ ہوئے 3روز گزر گئے،شاہراہ نورجہاں اور نارتھ ناظم آباد میں آپریشن کے دوران30 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، جبکہ نیو گولیمار میں قائم دھاگوں کے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے موٹر سائیکل، کپڑا اور پلاسٹک کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

شہر قائد میں بچوں کے لاپتہ ہونے کا سلسلہ نہ رک سکا گلستان جوہر میں ہزارہ گوٹھ سے 13 سالہ بچہ تین روز سے لاپتہ ہے، پولیس میں رپورٹ کے باوجود بچے کا تاحال پتہ نہیں لگ سکا۔اہل خانہ کے مطابق 13 سالہ کاشف حسین اتوار کی صبح 10 بجے گھر سے باہر گیا اور پھر واپس نہیں آیا، گمشدگی کے واقعے کی گلستان جوہر تھانے میں اطلاع دی گئی لیکن ایف آئی آر ابھی تک نہیں کاٹی گئی۔ذرائع کے مطابق گمشدہ کاشف کے والد کا انتقال ہوچکا ہے، جبکہ والدہ نے اپنے بچے کی گمشدگی پر وزیر اعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سے مدد کی اپیل کی ہے۔

ضلع وسطیٰ میں پولیس کی جانب سے رینجرز کے ہمراہ شاہراہ نورجہاں کے علاقے نصرت بھٹو کالونی ،نارتھ ناظم آباد ،کھنڈو گوٹھ اور واحد کالونی میں سرچ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے جبکہ دوران آپریشن بائیو میٹرک کی مدد سے مشکوک افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔پولیس کے مطابق نصرت بھٹو کالونی سے 14 جبکہ کھنڈو گوٹھ اور واحد کالونی سے16 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا، حراست میں لئے گئے افراد میں 3ملزمان کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے جبکہ دیگر زیر حراست افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب نیو گولیمار میں رہائشی عمارت میں گراﺅنڈ فلور پرقائم دھاگوں کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گودام میں موجود کپڑا اور موٹرسائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائربرگیڈ حکام کے مطابق کارخانے میں پلاسٹک، کپڑا اور دیگر چیزیں موجود تھیں جو جل کر خاکستر ہوگئیں، فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس کے سبب کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، دوسرے اور تیسرے فلور پر رہائش پذیر افراد نے آگ سے عمارت میں پھیلنے والے دھوئیں کے باعث چھتوں پر جاکر خود کو محفوظ کیا۔آتشزدگی کے باعث لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاک ہوگیا جبکہ ایک موٹر سائیکل کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /سندھ /کراچی