ایل این جی کیس کے بعد نیب نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے ، اجلاس میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا نیا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور دیگر پر غیر قانونی تقرریوں کا الزام ہے جن میں سابق ایم ڈی پی ایس او ، ڈی ایم ڈی پی ایس او کی تقرری شامل ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تقرریوں سے خزانے کو 138 ملین سے زائد کا نقصان پہنچا ہے ۔
نیب کے اعلامیے میں کہا گیاہے کہ سابق سینئر رکن ریونیو بورڈ حکومت سندھ و دیگر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ، غلام علی پاشا، عبدالسبحان سمیت دیگر پر غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے ، ملزمان کی کرپشن سے خزانے کو 120 ملین کا نقصان پہنچا ۔
نیب کے ایگزیکٹوبورڈ میں سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ و دیگر کے خلاف ریفرنس کی بھی منظور ی دی گئی ہے ،غیر قانونی الاٹمنٹ سے ملزمان پر خزانے کو چار کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔ اس کے علاوہ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دو انوسٹی گیشنز کی بھی منظوری د ی گئی ہے ۔ نیب کے بورڈ نے عدم شواہد ، رحمان میڈیکل کاجل پشاور اور دیگر کے خلاف انکوائر بند کر دی ہے جبکہ وزارت نجکاری ، پی ٹی سی ایل افسرا ن و دیگر کے خلاف انکوائری حکومت کو ریفر کر دی گئی ہے ۔