عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں، کام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں:عثمان بزدار

عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں، کام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ ...
عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں، کام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں:عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت راولپنڈی ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس آج90شاہراہ قائد اعظم پر منعقدہ ہوا،5گھنٹے طویل اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ لیا گیا،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نےآئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ حکومت کے دور میں پوٹھوہار میں بنائے گئے سمال ڈیمز میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے اور اپنی رپورٹ جلدوزیراعلیٰ آفس پیش کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بغیر این او سی بننے والی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف قانو ن کے تحت کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا،قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کسی دباؤکےبغیر جاری ر ہے گا،راولپنڈی میں رنگ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کوجلد شروع کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کے لئے ضروری امورجلد طے کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کے قیام کاجائزہ لیا جائے گا،راولپنڈی میں نئی سبزی منڈی بنانے کا منصوبہ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کاحکم دے دیاہے اورضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کومتحرک کر دیا گیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ فتح جھنگ، پنڈی گھیپ روڈ کی تعمیر ومرمت کا کام جلد شروع کیا جائے گا،اٹک میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کامنصوبہ نئے بجٹ میں شامل کریں گے جبکہ اٹک میں ٹراما سنٹر بھی بنایا جائے گا،راولپنڈی میں نئی یونیورسٹیاں بنائی جا رہی ہیں،راولپنڈی کے شہر یوں کے لئے پانی کا مسئلہ حل کریں گے،کہوٹہ میں 100بستروں پر مشتمل ہسپتال اورپوسٹ گریجویٹ کالج کا منصوبہ نئے بجٹ میں شامل کیا جائے گاجبکہ گوجر خان میں ٹراما سنٹر کو بھی فنکشنل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہر ضلع کے متعلق عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مربوط حکومت عملی بنائی ہے،راولپنڈی، چکوال، جہلم اور اٹک میں صحت اور تعلیم کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی شکایات پر جہلم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو تبدیل کرنے کاحکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو اے ڈی سی آر جہلم کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ راولپنڈی ڈویژن میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے،راولپنڈی شہر میں ٹریفک کی موثر مینجمنٹ ضروری ہے،واسا کے ٹیوب ویلز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی تجویز اچھی ہے،جائزہ لیں گے،سکولوں کی ا پ گریڈیشن کے لئے جامع پالیسی مرتب کی جا رہی ہے،واہ کینٹ جنرل ہسپتال کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر لیول کا ہسپتال بنا یاجائے گا،وا ہ کینٹ کے علاقے کوترقیاتی منصوبو ں کے لئے خصوصی گرانٹ دی جائے گی،دیہی مرکز صحت دینہ کو اپ گریڈ کر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے جہلم میں شہر خاموشاں اتھارٹی کو نئے قبرستان کے لئے جلد اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہاکہ تلہ گنگ روڈ کی فوری تعمیر و مرمت کی جائے گی، راولپنڈی یورالوجی انسٹی ٹیوٹ میں جلد ڈائیلسسزکی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ کے لئے پراجیکٹس کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے -انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں ،کام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم، صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او اور سی پی او راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، راولپنڈی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی اوزنے شرکت کی۔