”میری خواہش ہے کہ شاداب خان کو قومی ٹیم کی قیادت کرتا دیکھوں“ سعید اجمل ایسا کیوں چاہتے ہیں؟

”میری خواہش ہے کہ شاداب خان کو قومی ٹیم کی قیادت کرتا دیکھوں“ سعید اجمل ایسا ...
”میری خواہش ہے کہ شاداب خان کو قومی ٹیم کی قیادت کرتا دیکھوں“ سعید اجمل ایسا کیوں چاہتے ہیں؟

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی سب سے کامیاب فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ ایک مرتبہ پھر ٹائٹل جیتنے کیلئے پرعزم ہے جس کے باﺅلنگ کوچ سعید اجمل کا کہنا ہے کہ میں ایک دن شاداب خان کو قومی ٹیم کی قیادت کرتے دیکھنا چاہتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے ڈائمنڈ کرکٹ گراﺅنڈ اسلام آباد میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا جس دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ جسمانی ورزش کو بھی جانچا گیا۔اس موقع پر نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ رواں سیزن کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بہت متوازن ہے اور پی ایس ایل میں بہترین کھیل پیش کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا ”پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کیلئے ہمارا سکواڈ بہت مضبوط ہے اور بطور کوچ میں اپنی ٹیم کو جیت کے راستے پر لانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں میرے بچوں کی طرح ہیں اور میرے فیورٹ بھی ہیں۔“

اس موقع پر انہوں نے شاداب خان کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان بنانے کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لیگ سپنر میں قیادت کی تمام تر خوبیاں موجود ہیں اور وہ پی ایس ایل جتوانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ”شاداب خان بہت زبردست کھلاڑی ہے اور میری خواہش ہے کہ وہ قومی ٹیم کا کپتان بھی بنے جبکہ پی ایس ایل میں ٹیم کی قیادت ان میں بہت بہتری لائے گی۔“

مزید : کھیل