صحتمند اور دوڑتی ہوئی ملکی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کردیا ،عوام ،تاجر اور سیاست دان ملکی معیشت بچانے کے لیے متحد اور تیار ہو جائیں:شہباز شریف
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کےصدرمیاں شہباز شریف نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دانستہ طور پر معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا جارہا ہے،حکومت معیشت کی گاڑی کواندھےڈرائیور کی طرح ریورس میں چلارہی ہے،صحتمند اور دوڑتی ہوئی ملکی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کردیا ہے،آٹا اور چینی چور وزیراعظم کی سرپرستی میں محفوظ اور بے قصور تاجروں کو جیلوں میں بند کیاجارہا ہے،عوام ،تاجر اور سیاست دان ملکی معیشت بچانے کے لیے متحد اور تیار ہو جائیں۔
تفصیلات کے مطابق میاں شہباز شریف نےمعاشی خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی تباہی سے پاکستان کی سالمیت اندر سے کھوکھلی ہورہی ہے، صحت مند ہوتی، دوڑتی معیشت کو کرپٹ ٹولے نے تباہ کر دیا ہے،سود کی شرح بڑھا کر کاروبار، روزگاراور بجلی گیس بڑھا کر عوام کا معاشی قتل عام کیاگیا،11000 ارب قرض ملک کو معاشی بیڑیوں میں جکڑنے کے لئے لیاگیا، جس کا قوم کو فائدے کے بجائے نقصان ہوا،عوام تاجر اور سیاستدان معیشت بچانے کے لئے متحد اور تیار ہوجائیں، عوام اور ملک کا معاشی قتل مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی چور وزیراعظم کی سرپرستی میں محفوظ اور بے قصور تاجروں کو جیلوں میں بند کیاجارہا ہے،عوام ،تاجر اور سیاست دان ملکی معیشت بچانے کے لیے متحد اور تیار ہو جائیں۔