لاہور پولیس کا بڑا ایکشن ،ایک ماہ میں چار ہزار 233جرائم پیشہ افراد گرفتار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور پولیس نے گزشتہ ماہ کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم،ڈکیتی،راہزنی ودیگر جرائم کے خلاف کریک ڈاون میں 89گینگز کے203ملزمان سے ایک کروڑچارلاکھ سے زائد روپے مالیت کی ریکوری کر کے ورثا کے حوالے کیے۔ناجائز اسلحہ کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران856ملزمان کو گرفتار کے ان کے قبضہ سے128رائفلز،12کلاشنکوف،92بندوقیں،759ریوالورزوپسٹلزاور8637 گولیاں برآمدکی گئیں۔منشیات کے خلاف کارروا ئی کے دوران778ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے پانچ کلو413 گرام ہیروئن،247کلوگرام سے زائد چرس،120گرام آئس،تین کلوگرام افیون اور10224بوتلیں شراب برآمدکی گئیں۔قمار بازی کے خلاف کارروائی کے دوران390ملزمان سے 12لاکھ35 ہزارروپے سے زائد رقم برآمدکی گئی۔قحبہ خانوں کے خلاف کارروائی کے دوران149 ملزمان گرفتار کر کے 41مقدمات درج کئے گئے۔چوری،دھوکادہی،چیک ڈس آنر امانت میں خیانت سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب355 اشتہاری اور295عدالتی مجرمان کو گرفتارکیاگیا۔ ون ویلنگ، پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ،گداگری، پرائس کنٹرول،فارنر اور لاوڈ سپیکرایکٹ کی خلاف ورزی پر1207ملزمان گرفتارکئے گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہورساجد کیانی نے کہاہے کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ پولیسنگ کے فروغ اورپولیس فورس کوعوام دوست بنانے کیلئے موثراقدامات جا ری ہیں۔ساجد کیانی نے مزیدکہا کہ ڈویژنل ایس پیز جرائم کی بیخ کنی کے لیے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزساجد کیانی نے بتایا کہ لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے جنوری میں مختلف جرائم میں ملوث 4233ملزمان کو گرفتار کیا۔