انتخابی اصلاحات منشور کا حصہ، وزیر اعظم دباؤ کا شکار نہیں ہونگے،عبدالعلیم خان

انتخابی اصلاحات منشور کا حصہ، وزیر اعظم دباؤ کا شکار نہیں ہونگے،عبدالعلیم ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں حکومت اپنے حصے کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اس سلسلے میں کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔سینٹ الیکشن اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شفافیت کے لئے "شو آف ہینڈ"اور "اوپن بیلٹ"جیسے آپشن ضرور استعمال ہونے چاہئیں کیونکہ منتخب ایوانوں میں خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیے اور اپوزیشن کو بھی حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینٹ الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے نیک نیتی سے پیش رفت کی ہے اور ماضی میں بھی اپنی ہی پارٹی کے اراکین کے خلاف ضابطے کی کاروائی کر کے ثابت کر دیا کہ وہ کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو ں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف سیاسی مخالفت کی بنا پر حکومت کاساتھ نہ دینا افسوسناک امر ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت نے اپنا فرض ادا کیا ہے اور انتخابی نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کیلئے پیش رفت کی ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کی حمائیت کرنی چاہیے۔

عبدالعلیم خان

مزید :

صفحہ آخر -