فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کااقدام غیرقانونی قرار

 فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کااقدام غیرقانونی قرار

  

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے کا کسٹم کلکٹرکا اقدام غیر قانونی قرار دیدیا۔جمعرات کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہرمن اللہ نے فلسطینی سفیر کی گاڑی ضبط کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ہائیکورٹ نے سفارتی استثنیٰ پر فلسطینی سفیر کیخلاف کسٹم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دیدیا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کسی سفیر کیخلاف کارروائی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع کرنا ضروری ہے لیکن کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے فلسطینی سفیر کیخلاف کاررو ا ئی سے قبل وزارت خارجہ کو مطلع نہیں کیا تھا۔عدالتی حکم امتناع کے بعد فلسطینی سفیر کو گاڑی واپس کر دی گئی تھی اور اب کارروائی بھی کالعدم قرار دیدی گئی۔ فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وکیل کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔فلسطینی سفیر کے وکیل کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیا ر کیا گیا ایف بی آر نے گاڑی کی فروخت سے متعلق 4 اگست کو اظہا ر وجوہ کا نوٹس جاری کیا، سفارتی عملے کو ویانا کنونشن کے تحت خصوصی استثنیٰ حاصل ہے اور کسٹم ڈپارٹمنٹ کا یہ نوٹس سفارتی استثنیٰ کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت حکم دے کہ مجھے اور میری پراپرٹی کو ویانا کنونشن کے تحت استثنیٰ حاصل ہے، سیکرٹری خارجہ کی رائے کے بغیر کسٹم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کو غیرقانونی قرار د یا جا ئے۔فلسطینی سفیر کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا سیکرٹری خارجہ کی رائے اور مجھے نوٹس دیئے بغیر گاڑی ضبطگی غیر قانونی ہے، ایف بی آر کسٹم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ شوکاز کو کالعدم قراردیا جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -