حکمرانوں نے باغوں کے شہر کو کچرا کنڈی بنادیا،عبدالعزیزعابد

حکمرانوں نے باغوں کے شہر کو کچرا کنڈی بنادیا،عبدالعزیزعابد

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہو رغربی عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ نا اہل حکمرانوں نے باغوں کے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے۔لاہور جیسے تاریخی شہر کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔شہر بھر میں جا بجا گندگی،صاف پانی کی عدم فراہمی،سیوریج کا بوسیدہ نظام اور سٹریٹ کرائم نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے۔شہری صاف پانی کے حصول کیلئے پانی فروخت کرنے والی پرائیویٹ کمپنیوں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ غریب اور عام آدمی واسا کو پانی کا بل دینے کے باوجود سیوریج کے گندملا مضرصحت پانی پینے اور استعمال کرنے پر مجبور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی غربی لاہور کی نومنتخب شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین شوریٰ  غلام حسین بلوچ، چوھدری عبد القیوم گجر،قاری عطاء  الرحمن، محمد اکرم شاھین، خواجہ محمد وسیم،  اعجاز احمد اعجاز، چوھدری عبدالواحد، نثار احمد عابد، زاہد نعیم چشتی، فرحان اسلم سلیمی و دیگر نے شرکت کی۔

 محمد اکرم مغل حماد احمد، انور گوندل، سید معظم منصور،اسعد عمران نے شرکت کی اور حلف اٹھایا۔عبدالعزیز عابد کا کہنا تھا کہ اہل لاہور سمیت ملک بھر کو باصلاحیت اور با کردار قیادت کی اشد ضرورت ہے جو ملک و قوم کو مسائل کے گرداب سے نکال سکے۔ بدقسمتی سے باغوں کے شہر اور ملک پر ایسے حکمران مسلط ہوچکے ہیں جن کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی سرورکار نہیں۔ محب وطن قیادت کا فقدان بنیادی مسئلہ ہے اور اس خلا کو صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی پْر کرسکتی ہے۔  تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں نے عوام سے جھوٹے وعدے کر کے دھوکا دیا ہے۔ملک میں معاشی بدحالی اور مہنگائی عروج پر ہے۔بجلی،پٹرول،گیس،آٹا، چینی، گھی،دالیں، سبزیاں، انڈے، گوشت سمیت دیگر اشیاء  خوردنوش کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ عام آدمی ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے بحران کا شکار ہورہا ہے۔حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے ملک میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں۔ حکومتی کارکردگی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ادارے تباہ حال ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی اور کرپشن نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ صرف ڈھائی سال بعد ہی عوام تحریک انصاف کی حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -