قومی کرکٹ ٹیم کی پہلے ٹی 20میچ میں جنوبی افریقہ کو 3رنز سے شکست 

  قومی کرکٹ ٹیم کی پہلے ٹی 20میچ میں جنوبی افریقہ کو 3رنز سے شکست 

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جانیوالاپہلا ٹی ٹونٹی میچ میزبان پاکستان نے تین رنز سے جیت لیا،بہترین بلے بازی پر پا کستا ن کے محمد رضوان کو مین آف د ی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ مہمان ٹیم کے کپتان کلاسن نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوا ن نے کیا۔ مہمان ٹیم کی طرف پہلا اوورز فورٹون نے کیا۔قومی ٹیم کو پہلا نقصان بابر اعظم کی شکل میں اس وقت اٹھانا پڑا، جب کپتان جلد بازی میں رن لینے کے چکر میں فورٹون کی شاندار تھرو پر رن آؤ ٹ ہو گئے۔ حیدر علی 16گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آل راؤنڈر حسین طلعت 11 گیندوں پر 15 سکور بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔ قومی ٹیم کی چو تھی وکٹ افتخار احمد کی صورت میں گری جو 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ خوشدل شاہ سمپالا کی گیند پر فورٹون کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ فہیم اشرف کی اننگز 4 تک محدود رہی۔قومی ٹیم نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 169 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے 104 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 7 بلندو بالا چھکے اور 6 چو کے شامل تھے۔ محمد نواز 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پھلواکیو نے دو شکار کیے۔ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز میلان اور ہینڈرکس نے کیا اور پہلا اوور سپنر محمد نواز نے کیا۔ پروٹیز کے آؤٹ ہونیوالے پہلے کھلاڑی میلان تھے جنہوں نے 44 رنز بنائے، دوسرے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی سنائیمین تھے جنہوں نے صرف 2 رنز بنا ئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو نوجوان سپنر عثمان قادر نے آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے ڈیوڈ ملر کو 6 رنز بنا کر پویلین بھیج دیا، وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیچ تھاما۔کپتان کلاسن 12 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر خوشدل شاہ کو کیچ دے بیٹھے، پانچویں کھلاڑی ہینڈرکس جب پویلین لوٹے تو انہوں نے 42 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ پھلواکیو کی اننگز14 رنز تک محدود رہی، حا ر ث رؤف کی گیند پر حیدر علی باؤنڈری پر کیچ تھاما۔آخری اوورز میں مہمان ٹیم کو 19 رنز درکار تھے، تاہم 15 رنز بنا سکی اس طرح پاکستان نے یہ میچ 3 رنز سے جیت لیا۔ مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 166 رنز بنا سکی۔ عثمان قادر اور حار ث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹاس کے بعد کہنا تھا میچ میں نئے کھلاڑیوں کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہے۔ ٹی20میں غصے پرکافی کنٹرول کرتا ہو ں۔ اچھا ہدف دینے کی کوشش کرینگے۔ ٹی 20 میں فیصلے جلد کرنا پڑتے ہیں۔مہمان کپتان کلاسن کا کہنا تھا پاکستان میں میچ کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں، میچ جیتنے کی کوشش کرینگے، ٹیم پر کوئی پریشر نہیں۔ دونوں ٹیمیں 13 فروری کو دوسرے اور 14 فروری کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی اور تینوں میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔

میچ 

مزید :

صفحہ اول -