پنجاب کے ہر پسماند ہ علاقے کا وکیل ہوں، پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو  جائے گی: عثمان بزدار

    پنجاب کے ہر پسماند ہ علاقے کا وکیل ہوں، پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں،جس میں حلقوں کے مسائل کے حل اور سینیٹ الیکشن پر مشاورت کی گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی-اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے لئے ترقیاتی پیکیج کے اعلان پر خراج تحسین پیش کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے- ماڑی، سخی سرورسمیت متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں کبھی کوئی وزیراعلیٰ نہیں گیا-انہوں نے کہا کہ صرف ڈی جی خان ہی نہیں بلکہ پنجاب کے ہر پسماندہ علاقے کا وکیل ہوں اورترقی کے لئے لڑوں گا-تعلیم، صحت اور آبپاشی سے متعلق مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے-انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جلد گمنامی کی تاریکیوں میں کھو جائے گی-اپوزیشن رہنماؤں کا اتحاد بدگمانیوں پر قائم ہے جس کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں -پی ڈی ایم کا اتحاد تشکیل سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہوگیا تھا-پی ڈی ایم میں اعتماد کا فقدان ہے-پی ڈی ایم استعفوں کی طرح لانگ مارچ سے بھی راہ فرار اختیار کررہی ہے-ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی زین قریشی،اورنگ زیب خان کھچی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی،اراکین پنجاب اسمبلی فتح خالق، چودھری بلال اصغر، کرنل(ر) غضنفر عباس شاہ، ملک مختار احمد،آصف مجیداورمیاں محمد فرخ ممتاز مانیکا شامل تھے-چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ اور سیکرٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل(ر) اعجاز حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے - سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اورانشاء اللہ پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریتی پارٹی بنے گی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی اوپن بیلٹ کی مخالفت ان کے اندر کے خوف کو ظاہر کر رہی ہے- یہ لوگ ماضی میں نوٹوں کے ذریعے ووٹوں کی منڈیاں لگاتے رہے- سردار عثمان بزدارنے مناواں میں زیر تعمیر مسجد کا گنبد گرنے سے 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے - سردار عثمان بزدار نے کروز میزائل بابر ون اے کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباددی ہے -

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -