فضل الرحمن سے نواز، زرداری کا رابطہ، سینیٹ الیکشن ملکر لڑنے پر اتفاق

فضل الرحمن سے نواز، زرداری کا رابطہ، سینیٹ الیکشن ملکر لڑنے پر اتفاق

  

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قائد ن لیگ نواز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کر کے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا،نواز شریف اور فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک تبادلے میں لانگ مارچ کی کامیابی کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، نواز شریف نے لانگ مارچ کامیاب بنانے کے لیے فضل الرحمان کو (ن) لیگ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ٹیلی فونک گفتگو میں نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے اتفاق کیا کہ سینیٹ انتخابات مشترکہ طور پر لڑے جائیں۔یہ بھی طے پایا کہ پی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے کے مقابلے میں امیدوار نہیں لائینگی،دونوں رہنماؤں نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی ویڈیو کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سینیٹ الیکشن میں جامع حکمت عملی کے تحت حصہ لیں گے۔ نواز شریف کے فون کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے بھی مولانا فضل الرحمن کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ سینیٹ کے انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے کام کرنا ہوگا اور لانگ مارچ بھرپور طریقے سے ہو گا، صدارتی آرڈیننس تسلیم نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر دھرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم) نے لانگ مارچ سے قبل 4 جلسوں اور ریلیوں کا اعلان کردیا۔پی ڈی ایم کا اگلا پاور شو 13 فروری کو سیالکوٹ میں شیڈول کیا گیا ہے، خواجہ آصف کے حلقے میں نکالی جانے والی ریلی کی میزبان مسلم لیگ ن ہو گی۔16 فروری کو بلوچستان کے علاقے پشین میں ریلی نکالی جاے گی جبکہ 23 فروری کو سرگودھا اور 27 فروری کو خضدار میں پی ڈی ایم میدان سجائے گی۔مارچ میں لانگ مارچ سے قبل بھی مختلف شہروں میں تیاریوں کے لیے ریلیوں اور کنونشنز کا انعقاد ہو گا۔ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ایک دن کے احتجاج کیلئے نہیں آرہے بلکہ وہاں بیٹھ کر سلیکٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔

فضل الرحمن رابطے

مزید :

صفحہ اول -