آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی پیشی، 2گواہوں کے بیانا ریکا رڈ 

  آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کی پیشی، 2گواہوں کے بیانا ریکا رڈ 

  

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کیخلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے دو گواہوں کے بیانات ریکارڈکرنے کے بعد نیب کے گواہوں کو 17فروری کوجرح کے لئے طلب کرلیاہے،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت کی،گزشتہ روزجیل حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور مقدمہ میں شریک ملزم احد خان چیمہ کو عدالت پیش کیا، دوران سماعت نیب کے دو نجی بینکوں کے گواہوں نے عدالت میں پیش ہوکر اپنے بیانات قلمبند کروائے،دوران سماعت کمرہ عدالت میں رش ہونے پر فاضل جج نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میاں شہباز شریف کو کارکنوں کو عدالت سے باہر بھیجنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں کمرہ عدالت میں سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میاں شہباز شریف سے ملاقات کی اور سینیٹ الیکشن کی صورتحال پر گفتگو کی۔کمرہ عدالت میں ہی میاں شہباز شریف نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کی کمرہ عدالت میں صلح بھی کروائی۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ایک دوسرے کو مار مار کر زخمی کردیا، احتساب عدالت کے مرکزی گیٹ پر دونوں کارکن سرعام ایک دوسرے کو گھونسے مارتے رہے تاہم وہاں موجود دیگر کارکنوں نے ان کے درمیان بچ بچاؤ کروایا، لڑائی اس وقت ہوئی جب خواجہ سعد رفیق احتساب عدالت کے مرکزی گیٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

مزید :

علاقائی -