حکومت مہنگائی سے باخبر، اپوزیشن ہر مسئلے کو ہو ا دیکر مزید بگاڑنا چاہتی ہے: شا ہ محمود قریشی 

      حکومت مہنگائی سے باخبر، اپوزیشن ہر مسئلے کو ہو ا دیکر مزید بگاڑنا چاہتی ...

  

 اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے،  اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر مسئلے کو ہوا دے اور معاملات کو سلجھانے کی بجائے ان میں مزید بگاڑ پیدا کرے۔اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دھرنا اس وقت دیا جاتا ہے جب آپ کی شنوائی نہ ہو رہی ہو۔ ہمیں سرکاری ملازمین کی اہمیت کا بخوبی علم ہے۔ ہمیں علم ہے کہ مہنگائی میں اضافہ کے سبب سرکاری ملازمین بھی تکلیف کا شکار ہیں،ہمیں اس کیلئے راستہ نکالنا ہے اس کیلئے ہم نے کچھ وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ میری رائے میں سرکاری ملازمین کی اپنی تنظیمیں ہیں وہ اپنا موقف بہتر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہیں اپوزیشن کے سہارے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ خزانہ کو وسائل کی طرف بھی دیکھنا ہے جس کا بوجھ با لآخر عوام پر آئے گا، ہمیں اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات کو سلجھانا ہے۔علاوہ ازیں جمعرات کو وزارت خارجہ میں یورپی ممالک میں معاشی سفارت کاری کے حوالے سے پہلے ورچوئل سفرا اجلاس کا انعقاد ہواجس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران،آسٹریا،بلجیم، بیلاروس، بوسنیا،بلغاریہ، چیک ریپبلک، ڈنمارک، جرمنی، یونان، ہنگری، آئیرلینڈ اور پرتگال میں تعینات پاکستانی سفرا نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ معاشی سفارت کاری کے اہداف کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے،یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے معاشی سفارت کاری اہداف کے حصول میں معاونت مل سکتی ہے۔ نیروبی میں معاشی سفارت کاری کانفرنس کے انعقاد اور افریقی ممالک کی مارکیٹس کے ساتھ معاشی روابط کے بعد افریقی ممالک کے ساتھ ہماری ایکسپورٹ کی شرح میں 7فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہمیں یورپی ممالک میں موجود مارکیٹس،میسر مواقعوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپ500ملین آبادی پر مشتمل ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جہاں تجارت کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔ یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون سے معاشی سفارت کاری اہداف کے حصول میں معاونت مل سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -