اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے،محمد حسین محنتی

اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی کا ضامن ہے،محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلام و نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی اور سالمیت کے ضامن ہیں۔ سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت کے گھناونے کھیل نے پاکستانی سیاست کے داخلی گندگی کو عیاں کردیا ہے۔ ایسے ضمیر فروش لوگوں کا اقتدار، حکومت و ریاست سے وابستہ ہونا یہ بتاتا ہے کہ حالات کتنے گھمبیر ہوچکے ہیں۔ پاکستان میں نیکی کمزور اور بدی طاقتور ہوچکی ہے۔ قوم کو بھی اب آنکھیں کھو ل دینی چاہییں۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ظلم و بدی کے خلاف نیکی کے فروغ اور حق کے غلبے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں وڈیولنک پر عمر کوٹ، تھرپارکر اور کشمور اضلاع کے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف شیخ، نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، نائب قیم محمد مسلم، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا اور شعبہ تنظیم کے زاہد حسین بھی ساتھ موجود تھے۔ ضلعی ذمہ داران نے صوبائی نظم کو اپنے اپنے اضلاع میں فلاحی، دینی و تنظیمی سرگرمیوں اور بلدیاتی انتخابی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی امیر نے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ افراد و کردار سازی پر خصوصی توجہ تنظیم کے کام اور بلدیاتی انتخابات میں قوم کو اہل و دیانتدار نمائندے دینے کیلئے بھرپور تیاری کریں۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی و سیاسی جماعت ہے کہ جس کے کسی بھی کارکن کا نام کسی پانامہ لیکس، براڈ شیٹ میں کوئی نام ہے اور نہ ہی کسی فرد پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ سابق میئر نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی سے لیکر سابق وزیر خزانہ سینیٹر سراج الحق تک پوری قیادت کا کام و کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ قوم نے جماعت اسلامی کا انتخاب کیا تو ان کے امیدوں پر بھرپور پورا اتریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -