پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے ختم کرنے کا فیصلہ 

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے ختم کرنے کا فیصلہ 

  

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور زمبابوے کرکٹ نے متفقہ فیصلے کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایمریٹس ایئرلائنز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آفیشل ایئرلائن ہے، ابتدائی طور پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو 21 فروری کو زمبابوے سے وطن واپس لوٹنا تھا۔ دونوں ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 9 فروری کو ہرارے میں کھیلا گیا تھا اور سیریز کا دوسرا میچ 12 فروری بروز جمعے کو کھیلا جانا تھاتازہ ترین سفری پالیسی کے تحت ایمریٹس ایئرلائنز  نے 13 سے 28 فروری تک ہرارے سے دبئی تک اپنا فلائیٹ آپریشن معطل کردیا ہے، جس کے بعد دونوں بورڈز کے اعلیٰ عہدیداران نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 12 فروری کو ہرارے سے وطن واپس روانہ ہوجائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کے بعد ہمارے لیے دورہ ختم کرنے کا یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا تاہم ایمریٹس کی جانب سے 13 سے 28 فروری تک ہرارے سے دبئی کے لیے اپنا فلائیٹ آپریشن معطل کرنے کے فیصلے کے بعد ہمیں اگلے 24 گھنٹے کے اندر اپنی ٹیم کو وہاں سے وطن واپس لانا تھا۔وسیم خان نے کہا کہ ہم اس موقع پر تعاون کرنے اورصورتحال کو سمجھنے پر زمبابوے کرکٹ کے مشکور ہیں، پرامید ہیں کہ ہم اب کسی موقع پر اس اضافی دورے کو ضرور مکمل کریں گے اور اس حوالے سے جلد زمبابوین کرکٹ بورڈ سے بات چیت کی جائے گی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -