پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی والدہ اور بھابھی اغوا
دادو (ویب ڈیسک) جوہی میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی والدہ اور بھابھی کو اغوا کر لیا گیا جس کے بعد پولیس نے 12 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
جوہی پولیس کے مطابق گاؤں طیب چنہ کے رہائشی منظور چنہ نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ 20 روز قبل اس کے بھائی نے پسند کی شادی کی تھی، اس پر لڑکی کے والدین ناراض تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 12 افراد نے ان کے گھر پر حملہ کرکے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی بیوی اور والدہ کو اغوا کرکے لے گئے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں 10 نامزد اور دو نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا تاہم نہ خواتین کو بازیاب کیا جاسکا اور نہ ہی ملزمان گرفتار کیے جاسکے ہیں۔