’نصیبو لعل تو ہمارا لعل ہیں لیکن۔۔۔‘ فردوس عاشق ایوان کو بھی پی ایس ایل کا آفیشل گانا پسند نہ آیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھ کا ترانہ پسند نہیں آیا جن کا کہنا ہے کہ نصیبو لعل کی آواز کو نگینہ بنا کر قوم کی آواز بنا کر پیش کرنا چاہئے تھا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ کچھ روز قبل جاری کیا گیا تھا جس کے بعد اس گانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان برپا ہو گیا اور صارفین کی بڑی تعداد نے پی ایس ایل کے آفیشل ترانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ قومی ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے بھی اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اتنا برا گانا ہے کہ جب بچوں کو سنایا تو وہ ڈر گئے۔
شعیب اختر نے تو پی ایس ایل کے اس گانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے خلاف عدالت جانے کا عندیہ بھی دیا تھا جبکہ عوام کی جانب سے ایک بار پھر گلوکار علی ظفر سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ وہ اس بار بھی پی ایس ایل کا گانا گائیں اور اب فردوس عاشق اعوان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے گیت کو مزید بہتر کیا جاسکتا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نصیبو لعل تو ہمارا لعل ہیں، اس لعل کو نگینہ بنا کر قوم کی آواز بنا کر پیش کرنا چاہئے تھا۔