قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان ہو گیا، ٹیم کب جائے گی اور میچز کب کھیلے جائیں گے؟ تمام تفصیلات جانئے

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان ہو گیا، ٹیم کب جائے گی ...
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان ہو گیا، ٹیم کب جائے گی اور میچز کب کھیلے جائیں گے؟ تمام تفصیلات جانئے
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت قومی ٹیم مارچ میں جنوبی افریقہ روانہ ہو گی اور اپریل میں پروٹیز کیخلاف تین ون ڈے اور چار ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہو گی جہاں 2، 4 اور 7 اپریل کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، سیریز کا پہلا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پریٹوریا جبکہ دوسرا ون ڈے میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، یہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ 

ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی، ابتدائی طور پر یہ سیریز تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقہ کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ پہلے دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل پاکستان کی دوسری سیریز ہے جبکہ قومی ٹیم نے اپنی پہلی سیریز نومبر 2020ءمیں زمبابوے کے خلاف کھیلی تھی جس میں 1-2 سے کامیابی ملی تھی، فی الحال قومی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ ابتدائی طور پر پاکستان کو اکتوبر 2020ءمیں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنا تھا تاہم کوویڈ 19 کی عالمی وباءکے باعث اسے ملتوی کرکے اب اپریل 2021ء میں شیڈول کیا گیا ہے، دورہ جنوبی افریقہ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے روانہ ہو گی جہاں دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 17 اپریل سے شروع ہوگی۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ساتھی ملک کی مددکرنے پر خوشی محسوس کررہے ہیں اور آئی سی سی رکن کی حیثیت سے ایک دوسرے کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات مضبوط اور دیرپا ہیں، دونوں بورڈز اس تعلق کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، لہٰذا ان کی درخواست قبول کرنا ہمارے لئے ایک آسان فیصلہ تھا، ہم ایک کامیاب دورے کیلئے پرامید ہیں۔

دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقہ کے ڈائریکٹر کرکٹ گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ ہم محدود طرز کی کرکٹ کیلئے پاکستان کے دورہ جنوبی افریقہ کی تاریخوں اور شیڈول کو حتمی شکل دینے پر مسرور ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم محدود طرز کی کرکٹ میں ایک مشکل حریف ہے اور حالیہ چند برسوں میں پاکستان کے کھیل میں مزید بہتری آئی ہے، پرامید ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میزبان جنوبی افریقہ کو ٹف ٹائم دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورے میں ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے اضافے سے متعلق درخواست قبول کرنے پر بھی ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔

مزید :

کھیل -