'عطاء تارڑ کو گرفتار نہیں کیا گیا ،خود پولیس کی گاڑی میں بیٹھے' فردوس عاشق اعوان نے گرفتاری کو ڈرامہ قرار دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ن لیگی رہنما عطاءاللہ تارڑکی گرفتاری کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عطاء تارڑ کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا وہ خود گاڑی میں بیٹھ کر تھانے گئے،عطاء تارڑ اور عابد رضا نے ڈسکہ میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کی ۔
ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے عطا تارڑ کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ آج ایک سیاسی اداکار نے ڈرامہ رچایا کہ ان کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن ان کو کسی نے گرفتار نہیں کیا وہ خود پولیس کی گاڑی میں بیٹھے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پولیس نے عابد رضا کو روکا اور گاڑی کی تلاشی لی جس میں پستول برآمد ہو ا اور پولیس نے لائسنس مانگا تو یہ خود گاڑی میں بیٹھ گئے اور کہا کہ تھانے میں جا کر تفصیلات دیتے ہیں،عطاء تارڑ نے تھانے میں جا کر کنیز اول کو میسج کیا کہ مجھے گرفتار کر لیا گیا ہے، عطاء تارڑ نے جو حرکت کی ہے یہ سستی شہر سمیٹنے کا ایک سٹنٹ تھا اور یہ سینیٹر بننے کےلیے ہاتھ پاؤں ماررہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رنگ بازعطاءتارڑاپنی جماعت کومتاثرکرسکتےہیں کسی اورکونہیں، آج انہوں نےسیاسی گیدڑکاکرداراداکیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کوگمراہ کرنےکی سازشوں کوبےنقاب کریں گے۔
دوسری جانب سی پی او گوجرانوالہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عطاء تارڑ کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ خود پولیس کی گاڑی میں بیٹھ کر تھانے پہنچے۔