وہ ایک کام جو خواتین سمجھتی ہیں وہ مردوں سے بہت بہتر کرسکتی ہیں، تازہ تحقیق میں دلچسپ انکشاف
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈرائیونگ ہو یا کوئی اور کام، خواتین یوں تو ہر کام میں خود کو مردوں سے بہتر خیال کرتی ہیں، اب نئے تحقیقاتی سروے میں انہوں نے دماغ پڑھنے میں بھی خود کو مردوں سے بہتر قرار دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس تحقیقاتی سروے میں امریکہ اور برطانیہ کے 3ہزار سے زائد مردوخواتین سے سوالات پوچھے تھے اور انہیں اپنی دماغ پڑھنے کی صلاحیت کو 16تک پوائنٹ دینے کو کہا گیا۔
ہر بار خواتین نے خود کو 16میں سے اوسطاً12.6پوائنٹ دیئے جبکہ مردوں نے خود کو اوسطاً 12.1پوائنٹ دیئے۔ بیتھ یونیورسٹی کی ماہر نفسیات ریچل کلٹربک کا کہنا تھا کہ ”ہم نے تحقیق میں شامل رضاکاروں سے چار سوالات پوچھے اور ہر سوال کے جواب میں سامنے آنے والے پوائنٹس سے پتا چلا کہ دماغ پڑھنے میں خواتین خود کو مردوں سے بہتر سمجھتی ہیں۔“ ریچل کلٹربک کا کہنا تھا کہ” مجموعی طور پر لوگوں میں دماغ پڑھنے کی صلاحیت مختلف پائی گئی۔ بعض لوگوں میں یہ صلاحیت موروثی طور پر زیادہ ہوتی ہے اور اسی صلاحیت کی وجہ سے ان لوگوں کو کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔“