یوسف رضا گیلانی  پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ، سہیل وڑائچ نے ایسی بات کہہ دی کہ حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ جائے

یوسف رضا گیلانی  پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ، سہیل وڑائچ نے ایسی بات کہہ دی ...
یوسف رضا گیلانی  پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ، سہیل وڑائچ نے ایسی بات کہہ دی کہ حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ جائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات کے لئے  سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا مشترکہ امیدوار بنا کر تحریک عدم اعتماد کی گراؤنڈ کو ٹیسٹ کیا ہے، اسلام آباد کی سیٹ پر بڑا ٹف مقابلہ ہو گا ،اگر یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست جیت جاتے ہیں تو یہ ایک طرح سے حکومت پر نو کنفیڈنس ہو گا ۔

نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کا اسلام آباد سے اپوزیشن اتحاد کا مشترکہ امیدوار ہونابہت دلچسپ خبر ہے،یوسف رضا گیلانی کا امیدوار نامزد ہونا اہم نہیں ہے,اصل بات یہ ہے کہ پی ڈی ایم نے اپنے مسلز آزمانے کا فیصلہ کیا ہے،ایک طرح سے یہ آمنے سامنے مقابلہ ہو گا حکومت کا اور پی ڈی ایم ،جس طرح تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ ہوتی ہے اسی طرح اس مقابلے میں ووٹنگ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی بڑے با رسوخ ہیں، اُن کا خاندان جانا پہچانا ہے اور ان  کا دیگر سیاسی جماعتوں میں بھی بڑا اثر رسوخ ہے ،وہ وزیراعظم بھی رہے ہیں ،دوسری جماعتوں ن لیگ اور تحریک انصاف میں بھی ان کے بڑے اچھے رابطے اورتعلقات ہیں،میرا خیال ہے کہ اگر واقعی اُنہوں نے دل لگا کر محنت کی اور اپنے رابطوں کو پوری طرح استعمال کیا تو یہ ایک ٹف چیلنج ہو گا اور اس سیٹ پر بڑا سخت مقابلہ دیکھنے میں آئے گا ،یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ دینے کا مطلب ہے کہ  ایک طرح سے آپ ٹیسٹ کر رہے ہیں تحریک عدم اعتماد کے لئے گراؤنڈ کو ،اس سے اگلا مرحلہ تحریک عدم اعتماد ہو گا ،اسلام آباد میں سے یوسف رضا گیلانی جیت جاتے ہیں تو ایک طرح سے حکومت پر نو کنفیڈنس ہو جائے گا ۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ  الیکشن کیلئے 14 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے ہیں،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو اسلام آباد سے سینیٹ  انتخابات میں  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار بنانے کی تجویز ہے جبکہ خیبر پختونخوا سے  فرحت اللہ بابر پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔