بیگنا ہ کشمیریوں کی نسل کشی کرنیوالی بھارتی افواج دہشتگردبن چکی: چودھری سرور 

بیگنا ہ کشمیریوں کی نسل کشی کرنیوالی بھارتی افواج دہشتگردبن چکی: چودھری ...

  

 لاہور(این این آئی) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بے گناہ کشمیر یوں کی نسل کشی کر نیوالی بھارتی افواج دہشت گرد بن چکی ہے،بندوق اور گولی کی طاقت کے استعمال سے بھی دنیا کی کوئی طاقت کشمیر یوں کی آواز کو نہیں دبا سکتی،آج نہیں تو کل ضرور کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر کے اندر بھارتی دہشت گردی پر خاموش تماشائی بننے والی اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں کا کردار بھی انصاف کا قتل ہے،بھارت میں حجاب پر پابندی جیسے اقدامات مذہبی آزاد ی پر حملہ ہیں دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔وہ جمعہ کے روز تحر یک انصاف کے کشمیر سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مرزا سہیل جرال،راجہ مبشر حسین،بیر سٹر اسد مر تضی سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران اور کشمیر ی لیڈر مقبول بٹ کے یوم شہادت پر اپنے ٹویٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیر یوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور حقائق کو دنیا کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبول بٹ سمیت شہداء کشمیر کی قر بانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہوگا اور کشمیر یوں کو آزادی ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت کے تمام تر مظالم اور نسل کشی کے باوجود ہر گزرتے دن کے ساتھ تحر یک آزادی کشمیر پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ 22کروڑ پاکستانی بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ چٹان جیسی مضبوطی سے کھڑے ہیں اور انکی آزادی کے لیے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کشمیر یوں پر مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند کر نیوالے اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم ایک لمحہ کے لیے بھی خود کو کشمیریوں سے دور نہیں کرسکتے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان اور پاکستان کے بغیر کشمیر نا مکمل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا سر مایہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور انکو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام بھی ہمارے اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ پاکستان ہم سب کا ہے جس کو ہم نے مضبوط اور خوشحال بنانا ہے۔گوررنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے بھار ت میں حجاب پر پابند ی جیسے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مذہبی آزادی نام کی کوئی چیز نہیں اور بھارت آج اقلیتوں کے لیے سب سے زیادہ خطر ناک ملک بن چکا ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتوں کے لوگوں کے لیے بھی زندگی تنگ کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی حکمرا ن بھی ہندو انتہا پسند آر ایس ایس کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمو ں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہبی آزادی پرہونیوالے حملوں کا نوٹس لے۔ 

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -