انڈونیشیا کا فرانس سے 8.1ارب ڈالر کے 42رافیل طیارے خرید نے کا معاہدہ 

انڈونیشیا کا فرانس سے 8.1ارب ڈالر کے 42رافیل طیارے خرید نے کا معاہدہ 

  

 پیرس (آئی این پی)فرانس نے کہاہے کہ انڈونیشیا 42 رافیل طیارے خریدے گا جس کے لیے 8.1 اب ڈالر کا معاہدہ ہوگیا ہے، جو فرانس کے ساتھ اسلحے کی خریداری کے دیگر معاہدوں کے سلسلے کا ایک حصہ ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ انڈونیشیا آبدوزوں کی تیاری اور اسلحے کی خریداری کے معاہدوں کے سلسلے میں 8.1 ارب ڈالر مالیت کے 42 رافیل طیارے حاصل کرے گا۔رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے بعد انڈونیشیا خطے میں فرانس سے اسلحہ خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہوگا۔انڈونیشیا کے وزیر دفاع پرابوو سوبیانتو نے اپنے فرانسیسی ہم منصب فلورینس پارلے سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم 42 رافیل طیارے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اس موقع پر فرانسیسی وزیر دفاع فلورینس پارلے نے کہا کہ ہمارے سٹریٹجک تعلقات ہمیں دفاعی تعلقات مضبوط کرنے میں سود مند ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد انڈونیشیا خطے میں بھارت کے بعد دوسرا بڑا ملک ہوگا جو ڈیسالٹ ایوی ایشن کے تیار کردہ طیاروں پر انحصار کرے گا۔فرانس کی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 8.1 ارب ڈالر مالیت کے طیاروں کی خریداری کا معاہدہ ڈیسالٹ ایوی ایشن، سیفران اور تھیلس میں پیداوار میں اضافے کا باعث ہوگا، معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں چھے رافیل طیارے اگلے ماہ میں حوالے کیے جائیں گے جبکہ دیگر 36 طیارے بعد کے مراحل میں فراہم کیے جائیں گے، جو رواں برس کے اواخر یا اگلے سال تک ممکن ہوگا۔ڈیسالٹ ایوی ایشن نے بتایا کہ معاہدہ طویل شراکت داری کا آغاز ہے اور اس سے انڈونیشیا میں موجودگی کی جانب قدم ہوگا۔وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایا کہ مذکورہ معاہدہ انڈونیشیا کو جنوب مشرقی ایشیائی خطے میں فرانس سے فوجی ساز وسامان کا سب سے بڑا خریدار بنا دے گا جبکہ اس وقت خطے میں سنگاپور کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا کہ انڈونیشیا نے طیاروں کے علاوہ آبدوزوں کی تیاری میں تعاون کی یاد داشت پر بھی دستخط کیے ہیں، جس کے تحت نیول گروپ کی جانب سے 2جہاز تیار کیے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے پاس اس وقت امریکی تیار کردہ ایف-16 اور روسی ساختہ سخوئی ایس یو-27 ایس یو-30 طیاروں کی فلیٹ ہے جو کافی پرانی ہوچکی ہے۔انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے آبدوزوں کی تیاری،سٹیلائٹ سے متعلق آلات اور اسلحے کی تیاری کے معاہدے پردستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ دفاعی شراکت داری صرف اسلحے کی خریدار تک محدود نہیں ہے بلکہ تیاری اور مشترکہ پیداوار، ٹیکنالوجی کا تبادلہ اور دفاعی صنعت میں سرمایہ بھی زیر نظر ہے۔

انڈونیشیا

مزید :

صفحہ آخر -