پی ڈی ایم میں اختلافات اپنی جگہ مگر عمران کے جانے پر سب متفق: بلاول

  پی ڈی ایم میں اختلافات اپنی جگہ مگر عمران کے جانے پر سب متفق: بلاول

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        کراچی،اسلام آباد،کوٹ ادو(آئی این پی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں اختلافات اپنی جگہ لیکن عمران خان کے جانے پر سب متفق ہیں، پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ  موجودہ  حکومت کوآئینی، جمہوری طریقے سے عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا جائے، پیپلزپارٹی  کے لانگ مارچ کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، ہم اپنا لانگ مارچ 27فروری کو کراچی سے شروع کریں گے اور 2مارچ کو پنجاب میں داخل ہوں گے،  لوگوں کو عوام کا  معاشی قتل کرنے  والی حکومت کی نالائقیوں سے آگاہ کریں،  پاکستان پیپلزپارٹی کا ہمیشہ ہی سے یہ موقف رہا ہے کہ سینیٹ کی پارلیمانی کمیشن کی سفارشات کے مطابق وسیب صوبہ بننا چاہیے، پی پی پی نے ہمیشہ وسیب کے عوام کی خدمت کی ہے اوروسیب ہی سے وزیراعظم، وزیر اعلیٰ، گورنر اور وزیر بنائے ہیں۔ ہم سینیٹ کے پارلیمانی کمیشن کی سفارشات کے مطابق وسیب صوبے کا وعدہ پورا کریں گے۔ چیئرمین پی پی پی نے جمعہ کے روز مرحوم ملک نور ربانی کھر کے خاندان سے ان کی وفات پر تعزیت کے لئے کوٹ ادو کا دورہ کیا اور و ہ سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کے گھر   پہنچے   جہاں انہوں نے حنا ربانی کھر اور ان کے بھائی رضا ربانی کھر سے ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثناء  صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ملک نور ربانی کھر کی وفات سے جنوبی پنجاب اور پاکستان میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینئر سیاستدانوں کی وہ جدوجہد جو انہوں نے ایک خوشحال پاکستان کے لئے کی تھی اسے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسانوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں اور ہمارا یہ فرض ہے کہ پاکستان کے عوام کے سامنے اس حکومت کی نالائقیوں کو بے نقاب کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی  کے لانگ مارچ کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ ہم نے متعدد اجلاس اس ضمن منعقد کئے اور ملتان میں ورکررز کنونشن بھی کیا۔ ہم اپنا لانگ مارچ 27فروری کو کراچی سے شروع کریں گے اور 2مارچ کو پنجاب میں داخل ہوں گے۔ ہم عوام کو جن کا اس حکومت نے معاشی قتل کیا ہے اس حکومت کی نالائقیوں سے آگاہ کریں گے۔ ہم حکومت اور اس کے اتحادی اراکین کے حلقہ انتخاب سے بھی گزریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ یہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اسے پارلیمنٹ کا اعتماد بھی کھو دینا چاہیے۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی نے اس حکومت کو گرانے کے لئے پی ڈی ایم بنائی تھی۔ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اس حکومت کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا جائے اور اس کے لئے ہمارا موقف شروع سے ہی یہ رہا ہے کہ عدم اعتماد کے ذریعے حکومت کو فارغ کیا جائے۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جتنی عزت اپنے کارکن کو دیتی ہے اتنی کوئی نہیں دیتا،ہمارے جیالوں کا مطالبہ ہے کہ اب ہم انتظار نہ کریں، جمہوریت اور معیشت میں بہتری لانی ہے تو عمران خان کو ہٹانا پڑے گا،اگر خان صاحب کو ہٹانا ہے تو عدم اعتماد لا کر ہٹانا ہے۔جمعہ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی، خان صاحب کو ہٹانا ہے تو جہوری طریقے سے ہٹانا ہے، اگر خان صاحب کو ہٹانا ہے تو عدم اعتماد لا کر ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جتنی عزت اپنے کارکن کو دیتی ہے اتنی کوئی نہیں دیتا، ہم اپنے کارکنان کی تجاویز پر سیاست کرتے ہیں،ہمارے جیالوں کا مطالبہ ہے کہ اب ہم انتظار نہ کریں،آج اگر مہنگائی، بے روزگاری اور مشکلات ہیں تو آج ہی نکلیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کاموقف ہے کہ ہر ادارے کو اپنے دائر ے میں رہ کر کام کرنا چاہیے، یہ ہماری لانگ ٹرم جدوجہد ہے جو تین نسلوں سے چلی آرہی ہے، شاید آنے والی تین نسلیں بھی یہی جدوجہد کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت اور معیشت میں بہتری لانی ہے تو عمران خان کو ہٹانا پڑے گا، 27فروری کے لانگ مارچ کی تیاری جنوری سے چلتی آرہی ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے ملک تباہ کردیا، کسانوں سمیت تمام طبقوں کا معاشی قتل جاری ہے، حالات کی بہتری اور جمہوری استحکام کے لیے عمران خان کو ہٹانا ضروری ہے۔
بلاول

مزید :

صفحہ اول -