پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے،جام اکرام 

پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے،جام اکرام 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی نااہلی اور ناقض پالیسیوں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی کامیابی کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔تحریک انصاف کا گھوٹکی سے مارچ کرنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے۔ شاید ان لوگوں نے گھوٹکی دیکھا بھی نہیں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ تحریک انصاف کے راہنما احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگوں نے اپنی حکومت میں زیادہ جھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ یہ لوگ ابھی تک خود کو مقبول راہنما سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جو حشر خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں اصلاحات کے بڑے دعوے کرتی تھی۔ خیبر پختونخوا کی عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پورا پاکستان تحریک انصاف کو مسترد کردے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہونے والا لانگ مارچ کامیاب ہوگا۔ عوام بڑی تعداد میں شرکت کرکے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اپنی بیزاری کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو شروع ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت ایک ناکام حکومت ثابت ہوئی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -