صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کیلئے شبانہ روز کوشاں: فیصل امین گنڈا پور

صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کیلئے شبانہ روز کوشاں: فیصل امین گنڈا پور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات خیبر پختونخواسردار فیصل امین گنڈہ پور کا محکمہ زراعت ریسرچ انسٹیٹیوٹ فوڈ ٹیکنالوجی سیکشن کا دورہ، انچارج فوڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شہزادہ ارشد سلیم سدوزئی کی صوبائی وزیر کو مختلف لیبارٹریز اور اے ایل پی منصوبے کے تحت جاری تحقیقاتی سرگرمیوں بارے بریفنگ، صوبائی وزیر نے گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت کے تحقیقاتی شعبہ کے تحت فوڈ ٹیکنالوجی کے تحت پھلوں، سبزیوں اور پودوں کی نئی اقسام کی دریافت اور ان کے کارآمد استعمال کی ریسرچ کے حوالے سے قائم فوڈ ٹیکنالوجی سیکشن کا صوبائی وزیر بلدیات خیبر پختونخوا فیصل امین خان گنڈہ پور نے ڈائریکٹر محکمہ زراعت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ہمراہ خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر فوڈ ٹیکنالوجی سیکشن کے انچارج اور عالمی ایوارڈ یافتہ فوڈ ٹیکنالوجسٹ ڈاکٹر شہزادہ ارشد سلیم نے صوبائی وزیر کو ریسرچ سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اوراے ایل پی منصوبے کے تحت جاری تحقیقاتی سرگرمیوں، مختلف انواع کے نباتات کی تحقیق اور ان کے کارآمد استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ جس میں صوبائی وزیر نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور زراعت ریسرچ انسٹیٹیوٹ خصوصا فوڈ ٹیکنالوجی سیکشن اے آر آئی ڈیرہ میں کئے گئے تحقیقاتی کام کے معیار کی تعریف کی اورانچارچ سیکشن ڈاکٹر شہزادہ ارشد سلیم کو ان کی کارکردگی اور معیاری تحقیقی کام پر خصوصی تعریفی سند سے نوازا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہزادہ ارشد سلیم اور ان کی ٹیم کی جدید تحقیق سے نہ صرف پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا،وہیں سعودی عرب، عرب امارات، ایران اور افریقی ممالک میں پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کی۔ صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین گنڈہ پور کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شعبہ زراعت کی ترقی کیلئے کوشاں ہے کیونکہ شعبہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور زراعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال اور جدید تحقیق سے خوشحالی آئیگی۔ شعبہ زراعت میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہم زراعت کے شعبہ میں خود کفیل ہوں۔ انہوں نے اے ایل پی منصوبے کے تحت ہائبرڈ ٹنل کے ذریعے کھجوروں کی پراسیسنگ میں خصوصی دلچسپی لی اور کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے خطے میں کھجور کی پیداوار کے شعبے میں خوشحالی آئیگی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت محکمہ زراعت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔

مزید :

صفحہ اول -