ٹرانسپورٹروں کو سواریاں اتارنے اور بیٹھانے بارے آگاہی 

ٹرانسپورٹروں کو سواریاں اتارنے اور بیٹھانے بارے آگاہی 

  

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ٹرانسپورٹروں کو سواریاں سڑک کنارے کھڑے ہوکر گاڑیوں میں بٹھانے اور اتارنے بارے آگاہی دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹرانسپورٹروں کی جانب سے سواریوں کو چلتی گاڑیوں سے اتارنے اور بٹھانے پر نوٹس لیتے ہوئے ایجوکیشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹروں کو اس سے متعلق آگاہی دیں جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے فردوس بس سٹاپ حاجی کیمپ اور باچا خان چوک میں ٹرانسپورٹروں کو سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کر کے سواریاں اتارنے اور بٹھانے سے متعلق آگاہی دی اور یہ بھی ہدایت کی کہ وہ سڑک کے بیچ کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ دیگر شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز سواریوں کو اتارنے اور بٹھانے کے وقت احتیاط برتیں کیونکہ ڈرائیور کی چھوٹی سی غلطی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر سواری کو اتارنے کیلئے سڑک کنارے چند سیکنڈز کیلئے کھڑا ہو جائے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ چلتی گاڑی سے سواری کو اتارنے اور اٹھانے سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -