علماء معاشرے کی اصلاح کیلئے حکمت و دانائی اختیار کریں،مولانا فضل الرحیم اشرفی کا آسٹریلیا مسجد میں تکمیل بخاری تقریب سے خطاب

علماء معاشرے کی اصلاح کیلئے حکمت و دانائی اختیار کریں،مولانا فضل الرحیم ...
علماء معاشرے کی اصلاح کیلئے حکمت و دانائی اختیار کریں،مولانا فضل الرحیم اشرفی کا آسٹریلیا مسجد میں تکمیل بخاری تقریب سے خطاب

  

 لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)  ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد لاہورمیں تکمیل ختم بخاری شریف کی سالانہ تقریب متحدہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مولانا عبد الرؤف ملک کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں طلباء، علماء کرام ، دینی مدارس کے مہتمم، ملک بھر سے علماء کرام اور قدیم فضلاء نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔

 اس موقع پر جامعہ اشرفیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مولاناحافظ فضل الرحیم اشرفی نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور طلباءِ دین معاشرے کی اصلاح اور تبلیغ دین کیلئے حکمت و دانائی کو اختیار کریں۔ احادیث شریفہ سے وابستگی سے ہی ملت اسلامیہ کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہوسکتی ہے۔

متحدہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ مولانا عبدالرؤف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کا جب بھی احادیث شریفہ سے تعلق کمزور ہوا وہ ناکامی سے دوچار ہوئے۔شیخ الحدیث مولانامحمد یوسف خان نے کہا کہ دینی مدارس سے فارغ ہونے والے طلباء اپنے آپ کو دین کے کسی نا کسی شعبہ کے ساتھ وابستہ کر لیں اور ہر ممکن اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دیں اور اس کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی بھی مکمل پاسداری کریں۔

مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی مولانا امجد خان نے کہا کہ پاکستان کو بنانے میں اکابرین علماء دیوبند نے بنیادی کردار ادا کیا اس کے تحفظ و بقا کیلئے بھی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔مہتمم جامعہ عثمانیہ آسٹریلیا مسجد لاہور مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مدارس ہی ملک واسلام کے وفادار ہیں،دینی مدارس کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا،مغربی قوتیں دینی مدارس کو ختم کرنے پر تلی ہیں ،صدر کمیٹی آسٹریلیا مسجد شیخ اسد الرحمٰن نے کہا کہ دینی مدارس کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے،مساجد ومدارس کا تحفظ تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔

ڈائریکٹرجنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نےکہا کہ حدیث شریف کا پڑھنا‘ سننا اور اس کو سمجھنے کی کوشش کرنا سعادت مندی ہے۔سیکریٹری اوقاف پنجاب جواد اکرم نے کہا کہ مسلمانوں کا طرز زندگی اور ان کا شب و روز اگر قرآن و حدیث کے مطابق ہوجائے تو وہ دونوں جہاں میں کامیاب و کامران اور سر خرو ہوجائیں گے۔

تقریب سے مولانا نور الٰہی ،مولانانصیر احمد اعوان،مولانا یوسف حسین ،حافظ میاں محمد گلفام،مولاناصوفی لیاقت علی خان ،ڈاکٹر مفتی شاہد احمد،مفتی لقمان امین،مولانا عثمان اعوان،مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل،ڈاکٹر زاہد وڑائچ و دیگر نے  بھی خطاب کیا ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -