انڈسٹری کی ترقی کےلئے پائیدار پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی، ثمن شیخ
لاہور(فلم رپورٹر)معروف گلوکارہ ثمن شیخ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کےلئے مستقل اور پائیدار پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی ،آج ہر کوئی اپنی انفرادی ترقی کیلئے کوشاں نظر آتا ہے جس کے نتائج بھی سب کے سامنے ہیں ،موسیقی میرا جنون ہے اور جب تک میری سانسیں باقی ہیں اپنے فن سے وابستہ رہوں گی ۔ ثمن شیخ نے کہا کہ فلم انڈسٹری ایک بہت بڑا سیکٹر ہے لیکن بد قسمتی سے اسے ہر دور میں نظر انداز کیا گیا ۔ ہالی ووڈ اور بالی ووڈ میں بننے والی فلمیں اربوں روپے کابزنس کر تی ہیں جبکہ ہمارے ہاں بزنس کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت فلم انڈسٹری کیلئے جدید آلات اور مشینری درآمد کرے ، فلموں میں نجی سرمایہ کار کو راغب کرنے کےلئے حکومت خود بھی فنڈز مہیا کرے اور پھر اس کے نتائج بھی نکلیں گے۔
ثمن شیخ نے کہا کہ میوزک اور فلم انڈسٹری ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ،جب فلم انڈسٹری میں کام ہوگا تو صرف گلوکار ہی نہیں بلکہ اس سے جڑے ہوئے کئی شعبے عروج پکڑیں گے ۔