لاہور(فلم رپورٹر)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ارشد فرید خان کے احکامات پر مالی سال 2023-24کے ابتدائی 7ماہ میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ،زرعی رقبہ کی لیز اور کرایہ داری کی مد میں تقریبا 1ارب 95کروڑ 51لاکھ روپے آمدن کی وصولی۔ رواں مالی سال کے لیے طے شدہ ریکوری اہداف 3ارب 64کروڑ 10لاکھ روپے کی نسبت 52فی صد شرح آمدنی کا ہدف حاصل کر لیا۔ترجمان بورڈ کے مطابق آن لائن بلنگ اور جدید سسٹم کے نفاذ سے متروکہ وقف املاک بورڈ کو آمدن میں خاطر خواہ اضافہ اور لیز اور کرایہ داری کی مد میں آمد ن ہوئی۔سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کا کہنا ہے آمدن میں اضافہ کے لئے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں۔سالانہ بجٹ کے اہداف کے حصول کے لیے کسی قسم کی کسر نہ چھوڑی جائے گی جبکہ اس ضمن میں شعبہ اکاونٹس،ایڈمنسٹریشن مل کر دیگر شعبوں کو لے کر آگے چلیں گے۔ہر پندرہ روز بعد رپورٹ مرتب کر کے وزارت مذہبی امور کو آگا ہ کیا جائے گا۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے کرایہ داروں کی جانب سے 65لاکھ 60ہزار روپے جمع کروائے گئے ہیں۔بورڈ کے اخراجات کنٹرول کرنے کے لیے سنٹرل پرکیورمنٹ سیل کے تحت 3کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ان کمیٹیوں کے سربراہ ہو ں گے تاکہ تمام تر خریداری قواعد و ضوابط کے مطابق کی جائے اور اخراجات کو کنٹرول کیا جاسکے۔