مقبوضہ کشمیر، شہید مقبول بٹ، محمد افضل گورو کی برسی پر ہڑتال، شہدا ء کی تصاویر والے پوسٹر آویزاں 

          مقبوضہ کشمیر، شہید مقبول بٹ، محمد افضل گورو کی برسی پر ہڑتال، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            سرینگر،مظفرآباد،اسلام آباد، برسلز، ڈیلاس، ٹیکساس(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ روز ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 40ویں برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے تحریک آزادی کشمیرمیں نمایاں کردار ادا کرنے پر محمد مقبول بٹ کو 1984میں 11فروری ہی کے دن نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر جیل کے احاطے میں دفن کر دیا تھا۔ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر حریت پسند تنظیموں نے دی کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں محمد یوسف نقاش، فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی، شبیر احمد شاہ نے محمدمقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا شہدا کشمیریوں کے حقیقی ہیرو اور تحریک آزادی کا ایک عظیم اثاثہ، بھارتی قبضے کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی علامت ہیں،کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائیگا، دریں اثنا ء مقبوضہ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو سمیت کشمیری شہداء کی تصاویر والے پوسٹرچسپاں کئے گئے،پوسٹروں میں تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے ممتاز آزادی پسند رہنما شہید محمد مقبول بٹ کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔  ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں ایک سیمینار کا انعقادکیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ مقررین نے سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں پھانسیوں، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبانہیں سکتا۔انہوں نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سیمینار میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے رٹھسونہ ترال سے تعلق رکھنے والے حریت پسندغلام محمد بٹ المعروف انشاء اللہ خان کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزت اورہمدردی کا اظہارکیاگیا۔ دونوں شہدا ء کی برسیوں کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ نے برسلز میں اپنے مرکزی سیکرٹریٹ میں کیا تھا۔ کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جدوجہد آزادی میں مقبول بٹ اور افضل گورو کے کردارکو سراہا، ڈاکٹر منظور ظہور، خالد جوشی، سردار محمود قبال، سردار صادق، را ؤمستجاب، سردار ظہیر زاہد، شیراز راج، فیصل رضوی، عمران ثاقب، حافظ انیب راشد، ندیم بٹ، زاہدشاہ، چوہدری ناصر، شازیہ اسلم، راجہ عبدالقیوم،مہرندیم اور دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ دوسری جانب ممتاز آزادی پسند کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ایک بین الاقوامی ویبینار کا انعقاد کیا گیا ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے جوکسی وجہ سے ویبنار میں شرکت نہیں کرسکے،اپنامقالہ ویبینار کے شرکاء کیلئے بھیجا۔ 

خراج عقیدت

مزید :

صفحہ اول -