انتخابات 2024ءکامیاب امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب
اسلام آباد ( آن لائن ) عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ءمیں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لی ہیں، اس حوالے سے نومنتخب امیدواران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ جلدازجلد انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرنگ افسران کو جمع کرائیں، کاغذات جمع کرانے سے لے کر نتائج تک کے اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں جائیں۔بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے امیدوار الیکشن میں ایک کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے، صوبائی اسمبلی کے امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکیں گے، کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات فوری ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں گے جب کہ الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دیا گیا۔
انتخابی اخراجات