اپوزیشن قبول ہے ، کسی سے اتحاد نہیں کریں گے،قومی اسمبلی میں کسی ایک جماعت میں شامل ہونگے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے لیکن کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔"جیو نیوز" کی خصوصی الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ 70 نشستوں کا تنازع ہے، ان کا فیصلہ ہوجائے تو پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہے،قومی اسمبلی میں اپنی جماعت بنانے کے بجائے کسی ایک جماعت میں شامل ہوں گے، جس کا فیصلہ ایک دو دن میں کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جس پارٹی کو جوائن کریں گے اس سے مخصوص نشستیں اپنے لئے لیں گے ، یہ نشستیں اس پارٹی کو نہیں دیں گے،جماعت اسلامی کو جوائن کرنے کیلئے ان سے نہ اب تک کسی نے رابطہ کیا ہے اور نہ ایسی تجویز زیر غور ہے۔
پی ٹی آئی کے وسیم قادر کی (ن )لیگ میں شمولیت سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خدشہ تو پہلے سے تھا کہ کچھ لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے تاہم یہ خبر غلط ہے کہ ہم نے وفاداریاں تبدیل کرنے سے روکنے کیلئے کامیاب امیدواروں سے استعفے اور حلف نامے طلب کئے ہیں، ہم ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں کریں گے جسے متنازع بنایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ تحریک انصاف نے اپنے حمایت یافتہ کامیاب امیدواروں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )کے رابطوں کے بعد استعفے اور حلف نامے مانگ لئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ( ن) نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 20 سے زائد ارکان سے رابطے کئے ہیں، ان رابطوں کے بعد پی ٹی آئی رہنما گوہرخان نے بذریعہ عمیر نیازی ارکان سے استعفے اور حلف نامے مانگے، استعفے اور حلف نامے لینے کا مقصد آزاد ارکان کو وفاداریاں بدلنے سے روکنا ہے۔