پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پشاور ہائیکورٹ نے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کیخلاف کیس میں الیکشن کمیشن سے 2روز میں جواب طلب کرلیا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رولز کے مطابق آپ کے کیس میں دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی،فارم 49جاری ہو چکا ہے پھر ہم اس کومعطل نہیں کر سکتے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے سماعت کی،وکیل درخواستگزار نے کہاکہ فارم 45میں نتائج ہمارے حق میں تھے، فارم 47میں تبدیل کئے گئے، پہلے جیت گئے تھے لیکن آر او نے نتائج تبدیل کرکے ہرا دیا،فارم 45اور47میں ووٹوں میں ہزاروں کا فرق ہے،حتمی نتائج کا اعلان تمام امیدواروں کی موجودگی میں ضروری ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ بیشتر حلقوں کے فارم 49جاری کر دیئے گئے ہیں ، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ آر اوز نے دفاتر بند کر دیئے تو مجبوراً دوبارہ گنتی کیلئے درخواستیں دروازے پر چسپاں کردیں ۔
عدالت نے کہاکہ رولز کے مطابق آپ کے کیس میں دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی،فارم 49جاری ہو چکا ہے پھر ہم اس کومعطل نہیں کر سکتے،جسٹس ارشد علی نے کہاکہ ہائیکورٹ کے پاس فارم 49معطلی کااختیار نہیں،عدالت نے الیکشن کمیشن سے 2روز میں جواب طلب کرلیا۔