وہ ملک جس نے امریکی ریاست کیلی فورنیا خریدنے کی مہم شروع کردی

کوپن ہیگن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک طنزیہ آن لائن پٹیشن میں ڈنمارک کو امریکی ریاست کیلی فورنیا خریدنے کے لیے ایک ٹریلین ڈالر جمع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس پٹیشن کو اب تک دو لاکھ سے زائد افراد کی حمایت حاصل ہو چکی ہے۔ پٹیشن میں مذاقاً کہا گیا ہے "کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ڈنمارک میں سورج، کھجور کے درخت اور رولر سکیٹنگ کی کمی ہے؟ اب وقت آ گیا ہے کہ اس خواب کو حقیقت بنایا جائے۔چلیے، کیلیفورنیا کو ڈونلڈ ٹرمپ سے خرید لیتے ہیں، جی ہاں، آپ نے بالکل درست سنا۔ کیلیفورنیا ہمارا ہو سکتا ہے، بس آپ کی مدد درکار ہے۔"
سی این این کے مطابق یہ پٹیشن اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر گرین لینڈ (جو کہ ایک ڈینش نیم خودمختار علاقہ ہے) پر کنٹرول حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ڈنمارک کے عوام نے اس کے جواب میں کیلیفورنیا خریدنے کی تجویز پیش کر دی۔ پٹیشن میں ڈنمارک کے لیے اس "خریداری" کے ممکنہ فوائد گنوائے گئے ہیں، جن میں بہتر موسم، ایواکاڈو کی مستقل سپلائی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں برتری شامل ہیں۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر ایک ٹریلین ڈالر جمع کر لیے جائیں تو ڈنمارک کے بہترین مذاکرات کار لیگو کے ایگزیکٹوز اور ٹی وی سیریز 'بورگن' کے اداکار امریکیوں سے بات چیت کے لیے بھیجے جائیں گے۔ پٹیشن میں کیلی فورنیا کا نیا نام "نیو ڈنمارک" تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری طرف گرین لینڈ کے حکام نے ٹرمپ کے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کے بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ تاہم کچھ ڈینش حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس بار زیادہ سنجیدہ نظر آتے ہیں۔