بلی نے ہوائی جہاز " ہائی جیک" کرلیا

روم (ڈیلی پاکستان آن لائن) اٹلی کے شہر روم سے جرمنی جانے والی راین ایئر کی پرواز اس وقت غیر متوقع تاخیر کا شکار ہوگئی جب ایک بلی جہاز میں چھپ کر بیٹھ گئی۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق پرواز کے ٹیک آف سے قبل عملے کو جہاز میں بلی کی موجودگی کا پتہ چلا جس کے بعد پرواز کو فوری طور پر روک دیا گیا۔ عملے نے جہاز کے کئی پینل کھولے تو انکشاف ہوا کہ ایک سیاہ اور سفید بلی الیکٹریکل بے میں چھپی ہوئی تھی اور وہاں چوہے کی باقیات ملنے سے ظاہر ہوا کہ وہ وہاں کافی عرصے سے موجود تھی۔
تصاویر میں بلی کو جہاز کے اندر سے جھانکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن جیسے ہی عملہ اسے نکالنے کی کوشش کرتا، وہ مزید تاروں اور پینلز کے پیچھے جا چھپتی۔ اس مسلسل آنکھ مچولی کی وجہ سے پرواز کو سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر مکمل طور پر منسوخ کرنا پڑا۔عملہ مسلسل پینل ہٹاتا رہا تاکہ بلی کو باہر نکالا جا سکے لیکن وہ مسلسل جہاز کے مختلف حصوں میں گھستی رہی ۔ آخرکار دو دن بعد بلی نے خود ہی ایک کھلے دروازے سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا، سیڑھیوں سے اتری، اور رن وے پر چلتے ہوئے ایسا منظر بنایا گویا وہ "کیٹ واک" کر رہی ہو۔
بلی کی اس غیر متوقع مداخلت کے باعث جہاز دو دن تک گراؤنڈ رہا اور پرواز کو دوبارہ چیکنگ اور کلیئرنس کے بعد اڑنے کی اجازت دی گئی۔ ماہرین کے مطابق دورانِ پرواز بلی کی موجودگی جہاز کی وائرنگ اور سیکیورٹی سسٹم کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی تھی جو لاکھوں روپے کے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔