پاکستان سٹاک ایکس چینج کا افتتاحی دن ، 100انڈیکس2نفسیاتی حدوں سے گر گیا

پاکستان سٹاک ایکس چینج کا افتتاحی دن ، 100انڈیکس2نفسیاتی حدوں سے گر گیا

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) کاروبار کے پہلے روز پیر کو مندی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ۔جبکہ پی ایس ای 100 انڈیکس 32500 اور 32400کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں55 ارب 82 کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 21.77 فیصد کم جبکہ69.81 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔پاکستان میں اسٹاک مارکیٹس کے نگراں ادارے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) کے تحت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک مارکیٹس کو ضم کر کے بنائی گئی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پیر کو باقاعدہ طور پر کاروبار کا آغازکردیا ہے۔ کاروبار کے آغاز میں مثبت سرگرمی دیکھی گئی اور کاروبار کے پہلے ہی گھنٹے میں 100 انڈیکس میں 20پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ۔ تاہم غیر یقینی کی صورت حال برقرار رہنے کے باعث مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا اور تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی ۔ مارکیٹ کے اختتام پر پی ایس ای 100 انڈیکس214.80 پوائنٹس کمی سے 32320.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 318 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 74 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 222 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 22 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 55 ارب 82 کروڑ 9 لاکھ 43 ہزار 492 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 68 کھرب 33 ارب 13 کروڑ 98 لاکھ 85 ہزار 778 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر پیر کو 8کروڑ64 لاکھ 86 ہزار 150 شیئرز کا کاروبار ہوا جو گزشتہ روز کی نسبت 2 کروڑ 40 لاکھ 69 ہزار 840 شیئرز کم ہے۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایم آئی30 انڈیکس 212.26 پوائنٹس کمی سے 55203.29 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 137.99 پوائنٹس کمی سے 18858.00 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس207.82 پوائنٹس کمی سے 22535.88 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزید :

کامرس -