مسلم لیگ(ق) کا جرائم میں اضافے کے خلافتوجہ دلاؤ نوٹس اسمبلی میں جمع
لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ( ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی وصدر شعبہ خواتین پنجاب نے پنجاب میں جرائم کی شرح میں اضافہ اور 73ہزار سے زائد اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروادیا ہے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جرائم میں اضافہ اوربڑی تعداد میں اشتہاریوں کے کھلے عام دندناتے پھرنے سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے جس میں وہ ناکام ہے ۔اشتہاری اورڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں عوام اپنے گھروں کے دہلیز پر، بازاروں اور پبلک مقامات پر بھی محفوظ نہیں ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے دعوؤں کے باوجود جرائم کا گراف اوپر جارہا ہے ۔اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ پنجاب میں مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث اشتہاری ملزموں کی تعداد 73ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ان اشتہاریوں میں سنگین جرائم میں انتہائی مطلوب 240ملزمان بھی شامل ہیں جن کے نام بلیک بک میں بھی درج ہیں جبکہ دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث انتہائی مطلوب 109ملزمان بھی شامل ہیں جن کے سروں کی قیمتیں بھی مقرر کی گئی ہے جو ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے ہیں ۔ یہ تمام ملزمان تاحال آزاد پھررہے ہیں ۔