مفتی محمد سعید کی وفات کو جموں وکشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان ہے‘سجاد غنی لون کا خطاب

مفتی محمد سعید کی وفات کو جموں وکشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان ہے‘سجاد غنی لون کا ...

  

سری نگر(کے پی آئی)پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے کہاہے کہ وہ سابق وزیراعلی مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت میں کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے ان کی وفات کو جموں وکشمیر کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔سجاد لون اتوار کو گپکار میں واقع مرحوم کی رہائش گاہ پر منعقدہ تعزیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔پیپلز کانفرنس چیئرمین نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید کی وفات ایک عہد کا خاتمہ ہے اور ایک مدبر سے محرومی ہے ۔گذشتہ ساڑھے9ماہ کے دوران مفتی سعید مرحوم نے مجھے اپنے بیٹے کی طرح سکھایا اور سمجھایا اور مجھے ایسے ہی مشورے دئے جس طرح میرے والد مجھے دیتے تھے ۔سجاد لون نے اپنی جذباتی تقریر میں مفتی محمد سعید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔سجاد لون نے2014اسمبلی انتخابات میں ہندوارہ حلقہ انتخاب سے کامیابی حاصل کی تھی اور بی جے پی کے کوٹے سے انہیں ریاستی کابینہ میں جگہ ملی ۔اپنی پہلی کابینہ میٹنگ کو یاد کرتے ہوئے سجاد لون نے کہاکہ انہیں کابینہ میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے پہلی بار عجیب سی صورتحال کا سامنا تھا لیکن اس دوران وزیراعلی نے میری طرف دیکھا اور کابینی ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں اور سجاد کے والد نے یہیں سے اپنا سیاسی کیرئر شروع کیا تھاانہوں نے کہاکہ اس طرح مجھے کابینہ سے جوڑ کر مرحوم وزیراعلی نے میری الجھن دور کیں سجاد نے مزید بتایا کہ میں نے وزیراعلی کے پاس جاکر اپنے والد مرحوم عبدالغنی لون کے طریقہ کار کے حوالے سے بہت کچھ جانا ۔

بقول سجاد مرحوم مفتی سعید نے انہیں کہاکہ تم میرے بیٹے ہو اور انہوں نے مجھے اپنے بیٹے کی طرح ہی سمجھایا شاید میرے والد بھی مجھے ایسے ہی کام کاج اور معاملات کے بارے میں رہنمائی کرتے۔پی سی چیئرمین کا کہنا تھا کہ مفتی سعید اپنی شرافت اور تہذیب و تمدن کے حوالے سے بھی دوسروں سے ممتاز تھے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنے مخالفین کے خلاف کبھی کوئی ہتک آمیز یا دل آزار بیان نہیں دیتے تھے ۔انہوں نے ہمیشہ دوسروں کی قدر کی اور ان کے عزت نفس کی رکھوالی کی ۔اپنی تقریر سے قبل سجاد لون نے مرحوم وزیراعلی کے فرزند تصدق مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنی طرف سے تعزیت پیش کی۔

مزید :

عالمی منظر -