آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام شیر پر ٹھپہ لگا کر کرپشن کو ’’ٹھا ‘‘ کر دینگے:پرویز رشید

آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام شیر پر ٹھپہ لگا کر کرپشن کو ’’ٹھا ‘‘ کر ...

  

بھمبر(اے این این)وفاقی وزراء پرویزرشید اورچوہدری برجیس طاہرنے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ الیکشن( ن) لیگ ہی جیتے گی، خطے کے عوام نے (ن) لیگ کو ویلکم اور پیپلزپارٹی کو الوداع کہہ دیا ہے۔وہ بھمبر میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیرحکومت جب لڑکھڑائی تو ہم نے اسے سہارا دیا ، پیپلزپارٹی کو کشمیر میں پانچ سال فری ہینڈ دیا حالانکہ ہم باآسانی حکومت ختم کرسکتے تھے لیکن ہم نے بیلٹ باکس کا احترام کیا ،آزاد کشمیر میں کرپشن ، نااہلی اور رشوت ستانی ہے لیکن عوام اب ان کا احتساب کریں گے اور شیر پر ٹھپہ لگا کر کرپشن کو ٹھا کردینگے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نوازشریف سے محبت کرتے ہیں کشمیرکے عوام نے (ن) لیگ کو ویلکم اور پیپلزپارٹی کو الوداع کہہ دیا ہے ، آزاد کشمیر کے، آئندہ الیکشن ن لیگ ہی جیتے گی ۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کشمیریوں کے وکیل ہیں ،آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہو گی تو نوازشریف طاقت سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے اور وہ مقدمہ جیت کر بھی دکھائیں گے۔ اس موقع پر وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہاکہ میاں نوازشریف نے چوہدری مجید کو سیاسی شہید نہیں بننے دیا اورپیپلزپارٹی اپنی کرتوں کی وجہ سے ختم ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چوہدری مجیدرشوت لے کر بھرتیاں کررہے ہیں ، ہم نے بیورو کریسی کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی بھرتیاں نہ کرے ، ہم الیکشن شفاف بنانے کیلئے فوج اور رینجرز تک فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی پیپلزپارٹی کا صفایا ہو گا۔ انہوں نے بھمبر میں زرعی یونیورسٹی ، پاسپورٹ آفس ، میرپور تا بھمبر تک ایکسپریس کی توسیع ، جبی میں گرڈ سٹیشن کی تعمیر سمیت دیگر کئی منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔قبل ازیں سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہاکہ 2011 کا الیکشن پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے چوری کیا تھا مگراب ہم ایسا نہیں کرنے دینگے ۔ صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں شرافت اور خوشحالی کا ایجنڈا لیکر آئینگے۔سنیئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق ،مسلم لیگ نون آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری شاہ غلام قادر ، ضلعی صدر مسلم لیگ نون راجہ مقصود احمد خان، امیدوار اسمبلی برنالہ کرنل وقار احمد نور ، سابق امیدوار سپریم کورٹ بار مرزا ظفر حسین ایڈووکیٹ، راجہ خوشنود اعظم نے بھی خطاب کیا جبکہ سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے چوہدری عارف سرفراز ایڈووکیٹ نے میاں نواز شریف کی سربراہی میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مزید :

صفحہ اول -