عمران خاں نے اپنی شہرت کھوئی مگر پیپلزپارٹی اسکا فائدہ نہ اٹھا سکی،گیلانی

عمران خاں نے اپنی شہرت کھوئی مگر پیپلزپارٹی اسکا فائدہ نہ اٹھا سکی،گیلانی

  

لاہور( شہزاد ملک ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی شہرت کو کھویا لیکن پیپلز پارٹی نے اس سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا ‘ میاں منظور وٹو نے بلاول بھٹو سے کہا کہ میرے متعلق یہ خبریں ہر وقت گردش میں رہتی ہیں کہ یہ جا رہے ہیں اور جانے والوں کی کوئی بات نہیں سنا کرتا اس لئے آپ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی نئی ٹیم بنا لیں میں آپکی ٹیم کے ساتھ پیچھے بیٹھ کر کام کروں گا ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں منعقد ہونے والے پنجاب کے ارکان قومی و صوبائی اور سینٹرز کی میٹنگ میں کیا ۔’’پاکستان‘‘ کو پیپلز پارٹی کے ذرائع نے اجلاس کی اندرونی کہانی میں بتایا کہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ عمران خان نے پہلے عوامی شہرت حاصل کی لیکن پھر اپنی غلطیوں سے اس کو کھو دیا لیکن پیپلز پارٹی نے ان کی غلطیوں سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اب بھی ہم نے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے جس پر سب کو توجہ دینی چاہئے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں میاں منظور احمد وٹو نے رضا کارانہ طور پر خود کو پیچھے ہٹنے کا چیرمین کو واضح پیغام دیا اور کہا کہ وہ خود پیچھے بیٹھ کر ان کی طرف سے بنائی جانے والی نئی ٹیم کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہیں لہذا چیرمین صاحب آپ فوری طور پر ایک ہفتے کے اندر ہی اپنی من پسند کی ٹیم تشکیل دیں ۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے اپنے ساتھی ایم پی اے مخدوم شہاب الدین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ان سے وضاحت طلب کریں کہ ان کا ایک قریبی عزیز رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی کی سادہ اکثریت والے چیرمین کے امیدوار کے سامنے کیوں میدان میں آیا ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے جن سابق صوبائی صدور نے بلاول ہاؤس میں الگ ملاقات کی ہیں ان میں سے رانا آفتاب احمد خان کو دوبارہ پیپلز پارٹی پنجاب میں کوئی اہم ذمے داری دئیے جانے کی خبریں گردش کررہی ہیں ۔

مزید :

صفحہ اول -