عرب لیگ کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان ،ایران کیخلاف اقدامات تجویز کرنے کیلئے کمیٹی قائم

عرب لیگ کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان ،ایران کیخلاف اقدامات تجویز کرنے ...

  

جدہ (محمد اکرم اسد) خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ نے دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے سعودی عرب کی طرف سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی پرزور تائید کرتے ہوئے دہشت گردوں اور معاشرے میں فتنہ و فساد پھیلانے والوں کے خلاف کی جانے والی تمام کارروائیوں کی حمایت کی ہے۔ خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کونسل کے ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں سعودی عدالت کی شفافیت اور خود مختاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں شریعت عدالت انصاف کے تقاضوں کو ہر طرح پورا کر رہی ہے،اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں تہران اور مشہد میں سعودی سفارتخانے اورقونصلیٹ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران غیر ملکی سفارتکاروں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔ خلیجی ممالک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی خطے کی امن و سلامتی کی راہ میں ا ولین رکاوٹ ہے جسے فوری طورپر بند ہونا چاہیے۔ اس طرح کا رویہ خطے میں مزید بحرانوں کو پیداکرنے کا سبب ہے ۔ وزرائے خارجہ نے یقین دلایا کہ خلیجی ممالک انسداد دہشت گردی کیلئے سعودی عرب کے تمام اقدامات کی پوری طرح سے تائید کرتے ہیں۔ خلیجی ممالک اپنے سفارتکاروں کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے سفارتکاروں پر حملے کی مذمت کرنے والے ممالک اور فلاحی اداروں کو سراہا۔

مزید :

صفحہ اول -