حکومت معذور افراد کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ،رفیق رجوانہ
لاہور ( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معذور افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں جن پر اگر تھوڑی سی توجہ دی جائے تو یہ بھی عام افراد کی طرح ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت ان افراد کی فلاح و بہبود اور ان کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر خالد جمیل کی قیادت میں معذور افراد پر مشتمل ایک وفد سے گفت گو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قابلیت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے یہ افراد کسی طرح سے بھی کسی سے کم نہیں ، انہیں نظر انداز کرنے کی بجائے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے چاہیے۔ انہو ں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے ، ملازمتوں میں ان کے لیے کوٹہ ہو یا تعلیمی اداروں میں ان کے لیے مخصوص نشستیں ، ان کو ترقی کرنے کے تمام مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایسی لاتعداد مثالیں موجود ہیں جن میں ان افراد نے اپنی معذوری کو کمزوری بنانے کی بجائے حالات کا مقابلہ کیا اور ترقی کی منازل طے کیں ۔بعد ازاں، پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفت گو کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کا مقصد صنعت کاروں کو ایسا ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے جس میں وہ اپنی توانائیوں کو بہترین طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف عوام کوریلیف دیں بلکہ زرمبادلہ میں زیادہ سے زیادہ اضافے کا باعث بھی بنیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ادویہ سازی ملک کا اہم صنعتی شعبہ ہے جو تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس شعبہ سے وابستہ ہے اس کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ادویہ سازی کی صنعت میں ہونے والی ترقی خوش آئند ہے اس شعبے کوباقاعدہ صنعت کا درجہ دے کر اس کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اس اہم شعبے نے ادویہ سازی کے حوالے سے نہ صرف ملکی ضروریات کو پوراکیا ہے اور آج پاکستانی عوام مہنگے داموں درآمدی ادویات کی بجائے اپنے ملک میں تیار ہونے والی معیاری اورسستی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔
رفیق رجوانہ